9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر حملہ میں کوئی ابہام نہیں سب نے دیکھا: عطا تارڑ

Published On 02 November,2025 10:10 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کوریڈیوپاکستان پر حملہ میں کوئی ابہام نہیں سب نے جلاؤ،گھیراؤ میں دیکھا۔

وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں عطاتارڑ کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو سمجھنا چاہیے کہ صرف سیاسی بیانات دینے سے کام نہیں چلے گا، اُن پر ایک صوبے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی فراخدلی سے سہیل آفریدی کو کہا کہ ہم آپ کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن ملکی صورت حال پر ہونے والی ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ میں اُنہوں نے شرکت ہی نہیں کی۔

9 مئی واقعات کی انکوائری سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ انکوائری کی ضرورت وہاں پیش آتی ہے، جہاں کوئی ابہام ہو۔

پاک افغان کشیدگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم نے استنبول مذاکرات میں بالکل واضح کیا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے جو پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اُس کا وزیر دفاع خواجہ آصف نے درست جواب دیا۔