خیبرپختونخوا: افغان مہاجر کیمپس ختم کرنے کے بعد آپریشن میں تیزی

Published On 05 November,2025 10:29 am

پشاور: (عادل تنولی) خیبرپختونخوا میں افغان مہاجر کیمپس ختم کئے جانے کے بعد غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے دوران اب تک 67 ہزار 601 افغان شہریوں کو ملک بدر کیا گیا، صرف 19 اکتوبر کو 2 ہزار 56 افغان شہری اپنی سرزمین واپس بھیجے گئے، ملک بدر کئے جانے والوں میں 219 پی او آر (Proof of Registration) کارڈ ہولڈرز بھی شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 14 لاکھ 13 ہزار 906 افغان شہری پاکستان سے واپس جا چکے ہیں، ان میں ایک لاکھ 63 ہزار 253 پی او آر کارڈ ہولڈرز اور 80 ہزار اے سی سی (Afghan Citizen Card) ہولڈرز شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی ہدایت پر جاری آپریشن کے دوران رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ افغان شہریوں کی مرحلہ وار واپسی کا عمل جاری ہے، جبکہ غیرقانونی قیام کرنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔