آذری یوم فتح: پاکستان اور ترکیہ کا ساتھ کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا: صدر آذربائیجان

Published On 08 November,2025 02:30 pm

باکو: (دنیا نیوز) آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے یوم فتح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے جس طرح ہمارا ساتھ دیا، اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔

آذربائیجان کے یوم فتح کی پروقار تقریب میں باکو کی فضا پاکستان کے قومی ترانے سے گونج اٹھی، وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی شرکت کی، پاکستان آرمی کے خصوصی دستہ نے بھی پریڈ میں شرکت کی۔

آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب میں صدر ترکیہ طیب اردوان بھی شریک ہوئے، آذری صدرآذربائیجان الہام علیوف نے وزیراعظم شہباز شریف کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی، تقریب میں پاکستان،ترکیےاورآذربائیجان کےقومی ترانےبجائے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر الہام علیوف نے کہا کہ تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، ترکیہ اور پاکستان نے جس طرح ہمارا ساتھ دیا وہ کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا، وزیراعظم شہباز شریف کے آذربائیجان سے اظہار یکجہتی پر مشکور ہوں۔

صدر الہام علیوف نے کہا کہ  پاکستان اور ترکیے نے ہمیشہ آذربائیجان کی بھرپور حمایت کی ہے، مشکل وقت میں دوستوں نے جس طرح ساتھ دیا وہ ہمارا اثاثہ ہے۔

آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ شوشا شہر کی آرمینیا سے آزادی ہماری عظیم فتح ہے، آذربائیجان کی افواج نے میدان جنگ میں اپنا لوہا منوایا۔

اس موقع پر ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے کہا کہ آذربائیجان کے یوم فتح کی 5ویں تقریب میں شرکت پر خوشی ہے، آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی تقریب میں شرکت پر بہت خوشی ہوئی۔

صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ہم نے اتحاد اور یکجہتی سے آگے بڑھتے رہنا ہے، ہم تین ملک ایک خاندان کی مانند ہیں، پاکستان، ترکیے اور آذربائیجان کا اتحاد مزید مضبوط ہوگا، کاراباخ کی فتح سے ناانصافی کے ایک دور کا خاتمہ ہوا، امن معاہدہ آذربائیجان اور آرمینیا کی قیادت کی دانشمندی کا ثبوت ہے۔