نظام کی تبدیلی تک ہماری تحریک جاری رہے گی: حافظ نعیم الرحمان

Published On 22 November,2025 04:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ نظام کی تبدیلی تک ہماری تحریک جاری رہے گی۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمران طاقتور سے ڈرتے اور کمزوروں کو پیستے ہیں، کسی سیاستدان کیلئے کوئی استثنیٰ نہیں، سب برابر ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کسی جاگیر دار یا سرمایہ دار کا نظام نہیں چلے گا، عوام میں نظام کی تبدیلی کا شعور پیدا کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جس پارٹی میں عوام کی رائے کا احترام نہیں، وہ کبھی حالات تبدیل نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عام لوگوں کی جماعت ہے، وڈیرے یا سرمایہ دار کی نہیں، ہمارے حکمرانوں نے فلسطینیوں کے خون کا سودا کیا ہوا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ عوام کا حق کھانے والوں کو پارلیمان میں جگہ دی جاتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ خواتین کوبہت سارے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سپریم کورٹ میں 50 ہزار سے زائد کیسز زیرالتوا ہیں، لاکھوں کیسز ہائیکورٹس میں زیرالتوا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کودہائیوں میں انصاف نہیں ملتا، ملک میں پونے 3 کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ملک میں یکساں نظام تعلیم ہونا چاہئے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک کے ہر بچہ کو پڑھانا ہوگا اور سب کو برابری کے حقوق دینا ہوں گے، دسمبرمیں خواتین کے لیے فری آئی ٹی سکالرشپ پروگرام شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سرمایہ دارانہ ذہنیت کےخلاف ہیں، سسٹم کو بدلے بغیر نظام نہیں بدل سکتا، امریکا نےغزہ میں بچوں اورخواتین کا قتل عام کرایا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام ملنا چاہئے، میری بہنوں، بیٹیوں نے پڑھنا بھی ہے اور جدوجہد بھی کرنی ہے، خواتین کو تعلیم سے محروم کرنا اسلام نہیں، خواتین کو وراثت میں حصہ ملنا چاہئے۔