لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی پانچ مقدمات میں عبوری ضمانت میں 9 جنوری تک توسیع کر دی۔
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کیخلاف مختلف مقدمات پر سماعت کی، فواد چودھری آج عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر وکلاء کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فواد چودھری بیمار ہیں اور ہسپتال میں داخل ہیں جس پر عدالت نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فواد چوہدری کے وکیل سے ضمانتوں پر دلائل طلب کر لیے۔
فواد چوہدری پر مختلف مقامات پر کارکنان کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے اور پولیس کی گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے الزامات ہیں، ان کے خلاف جناح ہاؤس کے قریب چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے تین مقدمات درج ہیں جبکہ انہوں نے کلب چوک جی او آر گیٹ پر حملے کے مقدمے میں بھی عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔
اس کے علاوہ مغلپورہ میں پولیس گاڑیوں کو آگ لگانے کے مقدمے میں بھی وہ عبوری ضمانت پر ہیں، تمام مقدمات تھانہ سرور روڈ، تھانہ ریس کورس اور تھانہ مغلپورہ میں درج کیے گئے تھے۔



