بھارتی قید سے رہا ہونیوالے تین پاکستانی شہری وطن واپس پہنچ گئے

Published On 28 November,2025 08:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت میں قید تین پاکستانی شہری رہا ہو کر وطن واپس پہنچ گئے، واہگہ بارڈر کے راستے واپس آئے اصغر علی، رمضان اور محمد ادریس کو ہار پہنائے گئے اور خوش آمدید کہا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی شہریوں کی بھارت کی جیلوں سے رہائی میں پاکستان ہائی کمیشن نیودہلی نے اہم کردار ادا کیا۔

محمد ادریس عرف اقبال کو 1995ء میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اورانہیں 30 سال بعد بھارتی جیل سے رہائی ملی۔ محمد رمضان کو 2010ء میں اسی نوعیت کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں 15 سال بعد رہا کیا گیا، اصغر علی کو غیر قانونی طور پر بھارت داخلے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا اور انہیں بھی رہا کیا گیا۔

پاکستان ہائی کمیشن نیودہلی نے کہا ہے کہ بھارت میں موجود تمام پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ اس وقت بھی سیکڑوں پاکستانی بھارتی جیلوں میں قید ہیں ان میں سے کئی ایسے ہیں جن کی سزائیں مکمل ہوچکی ہیں لیکن بھارتی حکومت انہیں رہا نہیں کررہی۔