اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان آنے والے سیاح یہاں کی خوبصورتی سے بہت متاثر ہوتے ہیں۔
نیشنل ٹورازم ایوارڈز 2025 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مثبت تشخص کوعالمی سطح پراجاگرکرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں نانگا پربت سمیت دیگر خوبصورت مقامات ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے پاس قدیم گندھارا تہذیب ہے، چولستان میں جیپ ریلی بھی ایک پرکشش کھیل ہے، پاکستان کے شمالی علاقوں کی خوبصورتی دنیا کو دکھانے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ غیرملکی سیاح پاکستانیوں کی مہمان نوازی کے مداح ہیں، مہمان نوازی ہماری شاندار روایات کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی محاذ پر بہت سی کامیابیاں سمیٹی ہیں، سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، سیاحت کے فروغ کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دیئے جاسکتے ہیں۔



