ارشد شریف قتل کیس میں سوموٹو دائرہ اختیار پر معاونت، تحقیقاتی رپورٹ طلب

Published On 03 December,2025 11:05 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی آئینی عدالت نے ارشد شریف قتل کیس میں جاری سوموٹو کارروائی کے دائرہ اختیار سے متعلق قانونی معاونت طلب اور تفتیش میں اب تک کی پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بتایا جائے تحقیقات کہاں تک پہنچی ہیں۔

وفاقی آئینی عدالت میں ارشد شریف قتل کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ یہ بھی واضح کیا جائے کہ قتل کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے آئینی طور پر کون سے اقدامات کیے جا سکتے ہیں؟

عدالت نے استفسار کیا کہ 27 ویں ترمیم کے بعد کیا آئینی عدالت سوموٹو کارروائی جاری رکھنے کا اختیار رکھتی ہے؟

عدالت نے فریقین کے وکلاء کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر اس اہم قانونی نکتے پر معاونت فراہم کریں، عدالتی کارروائی کو ریگولیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ دائرہ اختیار کو دیکھنا ہے کیونکہ آئینی عدالت بغیر سماعت کے کوئی کیس نہیں چلا سکتی، عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ کارروائی کا مقصد وہی ہونا چاہیے جس کے لیے سوموٹو نوٹس لیا گیا تھا۔

دوران سماعت وکیلِ نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی نظائر موجود ہیں جن کے مطابق آئینی عدالت سوموٹو کارروائی کو آگے بڑھا سکتی ہے۔

بعدازاں عدالت نے قتل کی تحقیقات سے متعلق تازہ پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی۔