لاہور: (دنیا نیوز) عدالت نے سی ٹی او کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سرکاری وکیل کے بیان کی روشنی میں نمٹا دی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے سید اے ایس شاہ کے سی ٹی او کے خلاف توہین کی درخواست پر سماعت کی، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ چنرل پنجاب وقاص عمر سیال نے بتایا کہ سی ٹی او نے ایک سرکلر کے ذریعے سیٹ بیلٹ نہ رکھنے والی گاڑیوں کے چالان کرنے سے روک رکھا ہے۔
سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ چالان کرنے والے وارڈن زکریا کی سی ٹی او نے سرزنش کی ہے، درخواست گزار کی گاڑی میں پہلے سے سیٹ بیلٹ موجود نہیں تھا، اس نے بار بار جرمانوں کے خلاف عدالت سے رجوع کیا۔
چیف جسٹس نے کہا ہے کہ حکومت گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کو پابند کرے کہ وہ گاڑیوں میں سیٹ بیلٹ لگائیں۔
بعدازاں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے سی ٹی او کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سرکاری وکیل کے بیان کی روشنی میں نمٹا دی۔



