لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی ملٹری کسٹڈی، ملٹری کورٹ کی کارروائی اور کورٹ مارشل کے خلاف دائر درخواست پر جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری اور جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی، حسان نیازی کی جانب سے فیصل صدیقی سمیت دیگر وکلاء پیش ہوئے، حسان خان نیازی کے والد حفیظ اللہ خان نیازی پیش ہوئے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل فرخ عرفان خان لودھی پیش ہوئے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے لاء افسر پیش نہ ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی نے موقف اختیار کیا کہ 9 مئی کیس میں گرفتاری کے بعد حسان نیازی کو سویلین عدالت میں پیش نہیں کیا گیا بلکہ تھانہ سرور روڈ پولیس نے کسٹڈی ملٹری کو دے دی، کسی عدالتی حکم کے باوجود غیر قانونی طور پر ملٹری کے حوالے کیا گیا۔
وکیل نے استدعا کی کہ ملٹری کسٹڈی میں لینے کا کمانڈنگ آفیسر کا 17 اگست 2023 کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے، اور ملٹری کسٹڈی میں دینے، ملٹری کورٹ کی تمام کارروائی اور کورٹ مارشل کی کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے۔
ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ عدالت جیل سے رہا کرنے یا انسداد دہشت گردی عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم جاری کرے۔
عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور آئی جی پنجاب سے جواب طلب کر لیا اور سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی گئی۔



