پوری دنیا اے پی ایس شہداء کی قربانیاں یاد رکھے گی: فیصل کریم کنڈی

Published On 16 December,2025 06:11 pm

پشاور:(دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پوری دنیا اے پی ایس شہداء کی قربانیاں یاد رکھے گی۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور میں ایک سیاہ دن تھا، دہشتگردوں نے ہمارے ننھے بچوں کو شہید کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے بچوں نے امن کے لیے قربانیاں دیں، پوری دنیا اے پی ایس شہداء کی قربانیاں یاد رکھے گی، آج پھر صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو گئی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ وانا کیڈٹ کالج میں بھی دہشت گردوں نے اے پی ایس جیسے حملے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے وانا کیڈٹ کالج حملے کو کامیابی سے ناکام بنایا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بھر پور یکجہتی کے ساتھ ملک میں امن کے لیے کام کرنا ہو گا، ملک میں امن کے لیے تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو ایک ہونا ہو گا۔