خدام الحجاج 2026ء کیلئے سرکاری ملازمین کی سلیکشن میں بے ضابطگیوں کا انکشاف

خدام الحجاج 2026ء کیلئے سرکاری ملازمین کی سلیکشن میں بے ضابطگیوں کا انکشاف

سرکاری ملازمین نے خدام الحجاج کیلئے این ٹی ایس ٹیسٹ میں سنگین بے ضابطگیوں کیخلاف وزیر اعظم پورٹل پر شکایات کر دیں جن کے مطابق خدام الحجاج کیلئے فزیکل ٹیسٹ کے بغیر میرٹ لسٹ آویزاں کر کے نئے امیدواروں کی حق تلفی کی گئی۔

شکایات درج کروانے والے شہریوں کے مطابق 20 دسمبر کی شب پورٹل پر رزلٹ اپلوڈ ہونے کے چند منٹ بعد ہی مخصوص امیدواروں کو سلیکشن کے پیغام موصول ہو گئے۔

خدام الحجاج کیلئے سرکاری ملازمین سے درخواستیں 30 نومبر تک طلب کی گئی تھیں، امیدواروں نے امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق وزیر اعظم شکایت پورٹل اور وفاقی محتسب کو درخواستیں ارسال کیں جن میں میرٹ پر امیدواروں کے انتخاب کی استدعا کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کامیاب امیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ بھی ڈراپ کر دیے گئے ہیں، جبکہ ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ہر سال 70 فیصد پرانے جبکہ 30 فیصد نئے لوگوں کو شامل کیا جاتا ہے، آبادی کے تناسب سے تمام صوبوں کو کوٹہ دیا جاتا ہے۔