نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے عمانی رائل نیوی کے ریئر ایڈمرل کی ملاقات

Published On 24 December,2025 09:05 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) عمان کے رائل نیوی کے کمانڈر، ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرحبی نے اسلام آباد میں نیول ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، مہمان نے پاکستان نیوی کے پیشہ ورانہ معیار کی تعریف کی اور خطے میں بحری سلامتی اور استحکام کے لیے اس کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

بعد ازاں، چیف آف دی نیول اسٹاف اور رائل نیوی آف عمان کے کمانڈر نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں ایک تقریب کے دوران وائٹ شپنگ معلومات کے اشتراک سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، اس کا مقصد معلومات کے اشتراک کے لیے رہنما اصول اور طریقہ کار قائم کرنا ہے تاکہ وائٹ شپنگ کے بارے میں باہمی آگاہی میں اضافہ ہو۔

پاکستان اور عمان جغرافیائی قربت کے حامل ہیں اور مشترکہ بحری حدود رکھتے ہیں۔ دونوں بھائی ممالک کے درمیان تعلقات وسیع دائرہ کار کے حامل ہیں جن میں اقتصادی تعاون، عوامی رابطے اور مضبوط دفاعی تعلقات شامل ہیں۔

دونوں نیویز کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات گہرے ہیں جو دو طرفہ اسٹاف لیول رابطوں، تربیت، دوطرفہ مشقیں اور کثیرالملکی مشقوں میں شرکت کے ذریعے ظاہر ہوتے ہیں۔