راولپنڈی :(دنیا نیوز) پاکستان نیوی کی ہنگور کلاس کی چوتھی آبدوز ’غازی‘ کی چین میں رونمائی ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آبدوز ’غازی‘ کو چین کے شہر ووہان میں واقع شوانگ لیو بیس پر لانچنگ کی گئی، ’غازی‘ کی لانچنگ کے ساتھ ہی پاکستان نیوی نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ چین میں زیرِ تعمیر تمام چاروں آبدوزیں سی ٹرائلز کے مراحل سے گزر رہی ہیں، آبدوزیں پاکستان کے حوالے کئے جانے کے آخری مرحلے میں داخل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حکومت پاکستان نے ہنگور کلاس کی آٹھ آبدوزوں کے حصول کے لیے چین کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، معاہدے کے تحت چار آبدوزیں چین میں تیار کی جا رہی ہیں، باقی چار آبدوزیں پاکستان میں بنائی جائیں گی۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ یہ آبدوزیں جدید ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گی، آبدوزیں طویل فاصلے سے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ہانگر کلاس آبدوزیں خطے میں امن اور استحکام برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔
خیال رہے لانچنگ کی تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔



