اٹلی نے پاکستان کے لیے 10 ہزار 500 نوکریوں کا کوٹہ مختص کر دیا

اٹلی نے پاکستان کے لیے 10 ہزار 500 نوکریوں کا کوٹہ مختص کر دیا

ترجمان کے مطابق اٹلی کی جانب سے پاکستان کو آئندہ تین سال کیلئے روزگار کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے جس کے تحت ہر سال 3 ہزار 500 پاکستانی سیزنل اور نان سیزنل بنیادوں پر اٹلی جا سکیں گے، 1500 پاکستانی سیزنل جبکہ 2 ہزار نان سیزنل کوٹہ کے تحت روزگار حاصل کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اٹلی سے پاکستان کے لیے نوکریوں کا کوٹہ مختص کرنے کی خصوصی درخواست کی تھی جسے قبول کر لیا گیا ہے، اٹلی کی جانب سے پاکستان کو شپ بریکنگ، ہاسپٹیلٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں، جہاں پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند ورکرز خدمات انجام دیں گے۔

ترجمان کے مطابق ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ سٹاف، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشنز، فارمنگ اور کاشتکاری کے شعبوں میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع موجود ہیں، اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کے لیے نوکریوں میں باضابطہ کوٹہ الاٹ کیا ہے۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس پیش رفت کو اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اٹلی کی جانب سے پاکستانی ورک فورس کے لیے روزگار کا کوٹہ مختص ہونا پوری قوم کے لیے خوش آئند خبر ہے، طویل محنت کے بعد اٹلی میں پاکستانی محنت کشوں کے لیے روزگار کے دروازے کھلنے جا رہے ہیں جو یورپی لیبر مارکیٹ میں پاکستان کے لیے نئے مواقعوں کی تلاش کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان اپنے محنت کشوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے جبکہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جلد یورپ کے مزید ممالک بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے اپنے دروازے کھولیں گے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان اور اٹلی کے مابین جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔