مظفرآباد، جدید کینسر ہسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح میرے لیے اعزاز ہے: وزیراعظم

Published On 28 December,2025 07:27 pm

مظفرآباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے مظفرآباد میں جدید کینسر ہسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح کردیا۔

کشمیرانسٹیٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن،آنکالوجی اینڈ ریڈیو تھراپی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کچھ نہیں، کینسر ہسپتال سے مقامی سطح پر بہترین طبی سہولتیں میسرآئیں گی، میں خود بھی کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہوا، اندازہ ہے کہ وسائل سے محروم افراد کیلئے کینسر کا علاج کتنا مشکل ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ شاندار ادارے کا افتتاح کرنا میرے لیے اعزاز ہے، جان لیوا بیماری میں مبتلا مریضوں کا علاج انسانیت کی بڑی خدمت ہے۔

بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانوگروسی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آزاد کشمیر میں کینسر ہسپتال کا قیام اہم سنگ میل ہے، عوامی فلاح کیلئے ایٹمی توانائی کا استعمال لائق تحسین ہے۔

بعد ازاں وزیراعظم کو ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا گیا اور حکام نے اُنہیں شعبوں کے بارے میں مکمل بریف بھی کیا۔