لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی بڑھ گئی، ملکہ کوہسار میں برفباری نے سیاحوں کی موجیں کرا دیں۔
گلیات کے پہاڑوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی، لواری ٹنل میں ڈیڑھ سے دو فٹ تک برف پڑ چکی، چترال میں 28 انچ اور استور کے کئی علاقوں میں 2 فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، چلاس اور اپر دیر کے پہاڑوں پر بھی سفیدی چھا گئی۔
بٹگرام میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں تیسرے روز بھی برفباری جاری رہی، اڑنگ کیل چیئر لفٹ پر سیاحوں کا رش بڑھ گیا، شدید برفباری کے باعث سیاحتی مقامات کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
مظفرآباد اور گردونواح میں بوندا باندی ہوئی، بلوچستان میں بھی سردی کی شدید لہر آگئی، زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی چار ڈگری ریکارڈ کیا گیا، اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔
لاہور میں آسمان پر بادلوں کا بسیرا رہا، یخ بستہ ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔



