جعفرآباد : (دنیا نیوز) کیڈٹ کالج جعفرآباد میں یومِ والدین کی پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
کیڈٹ کالج جعفرآباد کی تقریب میں والدین،ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، کمشنر نصیر آباد، مقامی عمائدین اور سول و ملٹری افسران نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی، تقریب کے دوران کیڈٹس نے اعلیٰ نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار پریڈ اور مختلف عملی سرگرمیاں پیش کیں، والدین اور دیگر شرکاء نے کیڈٹس کی عمدہ کارکردگی، خود اعتمادی اور اعلیٰ تربیتی معیار کو بھی بھرپور سراہا۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیڈٹ کالج جعفر آباد کے تعلیمی و تربیتی معیار کو قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ کیڈٹ کالج جعفر آباد اور دیگر ایسے ادارے نوجوان نسل کو نظم و ضبط، اعلیٰ کردار اور حب الوطنی کے جذبے سے آراستہ کر رہے ہیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایک کیڈٹ نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں کیڈٹ کالج جعفر آباد میں تعلیم حاصل کر رہا ہوں اور ہمارے والدین کو بھی اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ ان کے بچے ایک عظیم ادارے میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، پاسنگ آؤٹ کا دن ہمارے لیے ایک نہایت قابلِ فخر دن ہے، میں پورے پاکستان کے والدین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کیڈٹ کالج جعفر آباد بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ایک بہترین ادارہ ہے۔
علاوہ ازیں شرکاء کی جانب سےکالج انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا گیا اور مستقبل میں بھی اس تسلسل کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔



