ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کا دورہ سعودی عرب، دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

Published On 08 January,2026 12:34 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سعودی عرب کا دورہ کیا جہاں سعودی دفاعی قیادت سے ملاقاتوں میں دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی عرب پہنچنے پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو رائل سعودی ایئر فورس کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، ان کی لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز کمانڈر رائل سعودی ائیر فورس اور جنرل فیاض بن حمید الرولی چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقات ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ ایئر چیف کی ملاقاتوں میں علاقائی سکیورٹی صورتحال اور مستقبل کے دفاعی اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، مشترکہ تربیت، آپریشنل تعاون اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے پر زور دیا گیا

ایئر چیف مارشل نے دو طرفہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور بین الاقوامی اور دوطرفہ مشقوں کے ذریعے فوجی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان سعودی دفاعی معاہدہ باہمی اعتماد اور برادرانہ تعلقات کی علامت قرار دیا، ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی ملٹی ڈومین فورس میں تبدیلی کے متعلق آگاہ کیا۔

اس دوران سعودی دفاعی قیادت نے پاک فضائیہ کی سپیس، سائبر، الیکٹرانک وارفیئر اور اے آئی صلاحیتوں میں گہری دلچسپی دکھائی۔

سعودی دفاعی قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کے ساتھ مشترکہ تربیت بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا گیا، دفاع اور ایوی ایشن شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدے کو اعتماد اور بھائی چارے کی علامت قرار دیا گیا۔