لاہور: (محمد اشفاق) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اصل وارث قید میں ہیں، نوازشریف سیاسی ہیجان کے حل کیلئے اہم کردار ادا کریں۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہم بار بار اس لئے مذاکرات کا کہہ رہے ہیں کیونکہ ہمیں مشکلات کا سامنا ہے، ملکی استحکام کیلئے مذاکرات ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی ہیجان ہے، اپوزیشن کی جانب سے بھی کوئی سنجیدہ بات نہیں کی جاتی، بیرسٹر گوہر اپنی کمر میں تھوڑی جان بھی ڈالیں، ایک جونیئر وزیر اٹھ کر کہتا ہے چیئرمین معافی مانگیں، ایک اور وزیر کہتا ہے میں ان کو چیئرمین ہی نہیں مانتا، بڑے عہدوں پر حوصلے بھی چاہیے ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں وہ جیلوں میں پڑے ہیں، پی ٹی آئی کے اصل وارث قید ہیں، پی ٹی آئی کے مہمان اداکار کہتے ہیں مذاکرات نہیں کریں گے، مہمان اداکاروں کو کھلی چھٹی دی ہوئی ہے، پی ٹی آئی کے مہمان اداکار بیرون ملک دورے پر بھی ہوتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے پاس بھی بیرون ملک جانے کی آپشن موجود ہے لیکن یہ پاکستان افغانستان بن جائے گا، حکومت مہربانی کرے سیاسی قیدیوں کو ریلیز کیا جائے، بشریٰ بی بی اور یاسمین راشد کو رہا کریں، سیاسی ورکروں کو رہا کریں جس سے پولیٹیکل پریشر کم ہوگا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں صدر مملکت اور وزیراعظم صاحب آنر شپ لیں، نواز شریف کا 50 سالہ سیاسی کیریئر ہے، نوازشریف پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ادا کریں، آپ لوگوں کی لڑائی میں نقصان لوگوں کا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا آج کراچی کا دورہ کر رہے ہیں، سہیل آفریدی نے اب تک بہت ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، انہیں لوگوں کو قریب لانے کی کوشش کرنی چاہیے، پی ٹی آئی کے پرانے دوست مل رہے ہیں تاکہ پاکستان کے اندر درجہ حرارت کو نیچے لایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تین دن پہلے ہاؤس ہولڈ سروے حکومت پاکستان نے خود جاری کیا ہے، سروے کے مطابق 30 فیصد لوگ 3 وقت کا کھانا نہیں کھا سکتے، ہماری آمدنی 2015 کے لیول پر چلی گئی ہے، ادائیگیاں ہم 2025 کے حساب سے کر رہے ہیں، ضرورت کی چیزیں 200 فیصد سے بھی زیادہ مہنگی ہو چکی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آمدنی کم ہوگئی ہے اور خرچہ دو گناہ ہوگیا ہے، ریئل اسٹیٹ بیٹھ گیا ہے اور دیگر شعبوں میں بھی مندی آ گئی ہے، تنخواہ دار طبقے پر 40 فیصد ٹیکس لگ گیا ہے، اوورسیز پاکستانی یہاں سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں، ہماری حکومت کو روز ایک تماشہ چاہیے، حکومت کہتی ہے لوگوں کو پکڑ لو 2 ہزار سال قید کی سزا سنا دو۔
فواد چودھری کی عبوری ضمانتوں میں توسیع
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے فواد چودھری کی عبوری ضمانتوں کی درخواست میں 13 فروری تک توسیع کر دی۔
اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے پانچ مقدمات کی سماعت کی، فواد چودھری اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے پراسکیوشن سے مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی آج تک عبوری ضمانت منظور کر رکھی تھی۔
یاد رہے کہ فواد چودھری جناح ہاؤس چوک میں گاڑی جلانے، شیر پاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں شامل ہیں۔



