کامونکی: تیز رفتار کار نے 2 خواتین کو کچل دیا، ایک جاں بحق، دوسری شدید زخمی

Published On 12 January,2026 06:51 am

کامونکی: (دنیا نیوز) نامعلوم کار نے دو خواتین کو ٹکر مار دی، حادثے میں ایک خاتون جاں بحق دوسری شدید زخمی ہوگئی۔

جی ٹی روڈ بائی پاس کے قریب دونوں ساس بہو سڑک کراس کررہی تھیں، تیز رفتار کار نے کچل دیا، حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، ایک خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی، دوسری کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی خواتین فیصل ٹاؤن کامونکی کی رہائشی تھیں،حادثے کے بعد نامعلوم کار سوار موقع سے فرار ہوگیا، زخمی خاتون کی بھی ہسپتال میں حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات اور کار سوار کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، کار سوار کو جلد حراست میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔