اسلام آباد ترمیمی آرڈیننس 2026کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست

اسلام آباد ترمیمی آرڈیننس 2026کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست

جسٹس محمد اعظم خان نے جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت کی، جماعت اسلامی اسلام آباد کے صدر نصر اللہ رندھاوا وکلاء کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔

وکیل درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا، اسلام آباد میں 15 فروری 2026 کو بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر کی گئی، صدر مملکت نے 10 فروری 2026 کو لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈی نینس جاری کر دیا۔

وکیل درخواست گزار نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس سے محض تین روز قبل آرڈی نینس کا اجرا بدنیتی ظاہر کرتا ہے، آرڈی نینس جاری کرنے کا مقصد بلدیاتی انتخابات کا التوا ہے، انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد آرڈی نینس کا جواز نہیں بنتا۔

جسٹس محمد اعظم خان نے کہا کہ اس پر نوٹس جاری کرتے ہیں، وکیل نے کہا کہ پہلے بھی عدالت نے بلدیاتی انتخابات کا حکم دیا لیکن انتخابات نہیں کرائے گئے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر توہین عدالت دائر کی لیکن کچھ نہیں ہوا۔

جسٹس محمد اعظم خان نے کہا کہ فریقین کو سنے بغیر کوئی حکم نہیں دے سکتے، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کردیے، سماعت27 جنوری تک ملتوی کر دی۔