صومالی وزیر داخلہ کی آمد، دہشتگردی و انتہاپسندی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق

صومالی وزیر داخلہ کی آمد، دہشتگردی و انتہاپسندی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق

صومالی وزیر داخلہ کی اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ وزارت داخلہ آمد پر محسن نقوی نے خیر مقدم کیا، ‎ملاقات میں پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور صومالیہ کے ‎وزرائے داخلہ نے ٹریننگ، بارڈر مینجمنٹ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے پر بھی اتفاق کیا گیا، ‎داخلی سلامتی، انسداد دہشتگردی اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزرائے داخلہ نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے لئے کوآرڈینیشن بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

‎صومالی وزیر داخلہ نے پاکستان کے تجربات سے استفادہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا، اس پر وفاقی وزیرداخلہ ‎محسن نقوی کی صومالی ہم منصب کو پولیس اور انسداد دہشتگردی میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

صومالیہ وزیر داخلہ علی یوسف نے کہا کہ ‎اسلام آباد شہر کی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پر وزیر داخلہ محسن نقوی کے اقدامات قابل تعریف ہیں، صومالیہ مشکل صورتحال میں ہے، دہشتگردوں کےخلاف لڑ رہے ہیں، ‎امید ہے کہ اس دورے سے صومالیہ اور پاکستان کے تعلقات میں وسعت پیدا ہوگی۔

‎محسن نقوی نے کہا کہ صومالیہ کو درپیش چیلنجز کا ادراک ہے، ‎انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں صومالیہ کو مکمل تعاون فراہم کریں گے، ‎علاج اور تعلیم کیلئے آنے والے صومالی شہریوں کو ویزہ سہولت دی جائے گی۔

اس موقع پر ‎صومالی وزیر داخلہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے لیے وزیراعظم صومالیہ کا خصوصی پیغام پیش کیا، ‎صومالی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کو صومالیہ کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔

صومالی وفد میں شیخ نور محمد، حسن حمزہ عدن، عثمان عبداللہی، ادل عبدی، آسمہ ہاغی تھیں جبکہ پاکستان کی طرف سے ‎وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد، ڈی جی ایف آئی اے اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔