مریم نواز نے پرواز کارڈ، راہِ روزگار اور سکل ڈویلپمنٹ پورٹل کا اجرا کردیا

مریم نواز نے پرواز کارڈ، راہِ روزگار اور سکل ڈویلپمنٹ پورٹل کا اجرا کردیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کوریلیف اورسہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، اگر حکومت ماں کی طرح سوچے تو نوجوانوں کو اپنی طاقت بنالے، نوجوانوں کوہنرمند بنانے کے ساتھ روزگار بھی فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاہتی ہوں ایسے نوجوان جوزیادہ نہیں پڑھ سکتے وہ پیچھے نہ رہیں، میں نہیں چاہتی کہ نوجوانوں کوطعنہ سننا پڑے کہ مفت کی روٹی توڑتےہو، نوجوانوں کو ہنرمند اور تعلیم یافتہ بنانےکے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ چیف منسٹراسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت 2 لاکھ بچوں کوٹریننگ دی گئی، ایک ہزاربچوں کو ٹریننگ دیکر گارمنٹس کے شعبےمیں روزگار دیا گیا ہے، نوجوانوں کو ٹائل فکسنگ، ویلڈنگ، وائرنگ سمیت مختلف شعبوں میں تربیت دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عرب ممالک میں سب سے مشکل ملازمتیں پاکستانی کرتے ہیں، ہمارے نوجوان باصلاحیت، دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہےہیں، ہنرمند افرادی قوت کی طلب دنیا بھرمیں ہے، ہمیں صرف ٹریننگ دینا ہوگی، نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ مہارت سیکھ کر گھر نہ بیٹھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 50 ہزارہنرمند نوجوانوں کو پرواز کارڈ جاری ہوں گے، پروازکارڈ کے ذریعے رقوم کی فراہمی میں شفافیت کویقینی بنایا جائےگا، پرواز کارڈ کے ذریعے سود کے بغیر 3لاکھ روپے قرض دیں گے۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مجھے پاکستان کے نوجوانوں کو صرف ایک چیزچاہیے، جب ملک کی بات آئے تو سب معرکہ حق کی طرح متحد ہوجائیں، آپ کے ہاتھوں میں پٹرول بم نہیں، لیپ ٹاپ ہونے چاہئیں، آپ نے ملک کے اندر اور بیرون ملک ایمبیسڈر بننا ہے، کوئی کہے آگ لگا دو تو اسے کہو ’’نو‘‘ میرا ملک میری ماں اور ماں کیساتھ کوئی غداری نہیں کرسکتا۔