خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ بھاٹی گیٹ کی مرحومہ کے شوہر نے پولیس پر تشدد کا الزام لگا دیا۔
غلام مرتضیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ بیوی اور بیٹی میری آنکھوں کے سامنے سیوریج لائن میں گر گئیں، حادثے کے بعد خود ریسکیو کو کال کی اور مدد کیلئے پکارا، پولیس مجھ پر تشدد کرتی رہی، بیلٹ اور ڈنڈوں سے مارا گیا۔
مرحومہ کے شوہر نے پولیس تشدد پر کہا یہ مچ پر تشدد کرنا سچ ثابت ہوگا، جس رکشہ میں ہم سوار تھے وہ میرے کزن کا تھا، پولیس بیان لکھوانا چاہتی تھی رکشہ کسی اور کا ہے، دوران حراست ایس پی بیوی کی تصویر لے کر آئے، میں نے اسے پہچان لیا۔
غلام مرتضیٰ نے بتایاکہ ڈی آئی جی نے تشدد کرنے پر ایس ایچ او زین عباس کی سرزنش کی، مریم نواز نے ہماری داد رسی کی، پولیس کا رویہ ظالمانہ تھا۔
انہوں نے کہاکہ پولیس نے جاں بحق خاتون کے والد اور مدعی مقدمہ سے سادہ کاغذ پر انگوٹھا لگوا لیا، متاثرہ خاندان نے انگوٹھا لگوانے کے بعد ویڈیو بھی جاری کر دی، الزام عائد کیا کہ قصور وار محکموں کو ریلیف دینے کیلئے سادہ کاغذ پر زبردستی انگوٹھے لگوائے اور سائن کرائے گئے۔
پولیس ترجمان نے کہا متوفی خاندان کے والد کا انگوٹھا کسی کو ریلیف دینے کیلئے نہیں لگوایا گیا، ڈیڈ ہاؤس میں والد کا انگوٹھا درخواست مقدمہ میں تصحیح کیلئے لگوایا گیا، درست کوائف کے ساتھ نئی درخواست کے مطابق مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔