بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کا تعاقب، مزید 22 دہشت گرد جہنم واصل، 3 دن میں 177 مارے گئے

بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کا تعاقب، مزید 22 دہشت گرد جہنم واصل، 3 دن میں 177 مارے گئے

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری ہیں، گزشتہ رات پیچھا کرتے ہوئے مزید 22 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ گزشتہ 3 روز کے دوران کئے جانے والے آپریشنز میں کم سے کم کل ملا کر 177 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے ۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز بشمول انٹیلی جنس ایجنسیز اور پولیس مختلف جگہوں پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف مزید گھیرا تنگ کر رہی ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مزید نقصانات اور ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل کوئٹہ، گوادر، پنجگور، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، تمپ اور پسنی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا تھا۔

دہشت گردوں نے ان حملوں میں گوادر کے ایک مزدور گھرانے کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا جس میں ایک عورت اور تین بچے بھی شامل تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا تعاقب کیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتی جائے گی، دہشت گرد عورتوں اور بچوں کو استعمال کرتے ہیں، انہیں ڈھال بھی بناتے ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز۔ پولیس اور انٹیلیجنس ایجنسیز نے بروقت اور موثر کارروائی کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فتنہ الہندوستان اور انکے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، بلوچستان میں قیام امن کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔