دہشتگردی پر ہمارا مؤقف واضح، سب کو متحد ہونا ہوگا: رانا ثنا اللہ

دہشتگردی پر ہمارا مؤقف واضح، سب کو متحد ہونا ہوگا: رانا ثنا اللہ

سینیٹ میں بلوچستان کے معاملے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مجرمانہ کارروائیاں کوئی بھی گروہ کہیں بھی کر سکتے ہیں، محفوظ ترین علاقوں میں بھی کوئی گروہ مسلح ہو کر لوٹ مار کر سکتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان میں لوگ مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں، جو شناختی کارڈ چیک کر کے فیملی کے سامنے شہید کرتے ہیں، جعفر ایکسپریس کو روک کر لوگوں کو یرغمال بناتے ہیں، یہ کس قسم کی ناراضگی ہے کہ لوگوں پر ظُلم کریں۔

مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ لوگ دُشمن کے آلہ کار ہیں، معرکہ حق میں پاکستانی افواج نے اپنی ہمت اور طاقت کا مظاہرہ کیا، یہ لوگ پاکستان دشمن ہیں، یہ لوگ دشمن کی ایما پر یہ سب کر رہے ہیں،ان لوگوں کا کیا کوئی مطالبہ ہے یا وہ اس سسٹم پر یقین بھی رکھتے ہیں ؟

رانا ثنااللہ نے کہا کہ آج بھی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی، وزیر اعظم نے واضح کیا سیاسی جماعتوں کی سیاست اپنی جگہ، پاکستان پہلے ہے، سانحہ اے پی ایس کے وقت جو پوری قوم نے ایک موقف اختیار کیا وہی کرنا پڑے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف ہمیں مؤقف بڑا واضح اور ایک رکھنا چاہیے، ایک بس میں آپ بھی بیٹھ جائیں اسی میں ہم بیٹھ جاتے ہیں، ہو سکتا ہے بس میں شناختی کارڈ دیکھ کر پہلے آپ، پھر ہمیں مارا جائے، کیوں کہ وہ دہشگرد ہیں اور دہشتگرد ہمیشہ دہشتگردی ہی کریں گے۔