خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہندوتوا پر مبنی نظام کے تحت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو شدید امتیازی سلوک کا سامنا ہے، عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت دلانے کیلئے فیصلہ کُن اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر کھڑا رہے گا، ہماری تمام کوششیں مسئلہ کشمیر کے پُرامن، منصفانہ اور دیرپا حل کے حصول پر مرکوز رہیں گی۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، غیر قانونی بھارتی قبضے کے باعث کشمیری عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، تاہم کشمیریوں کی ثابت قدمی ان کے مؤقف کی حقانیت کا واضح ثبوت ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔