خلاصہ
- نوشہرہ: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران طبقہ بچوں کو تعلیم دینے کی ذمہ داری سے ہی جان چھڑانا چاہتا ہے۔
ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں کئی دہائیوں سے طلبہ یونین پر پابندی ہے، مسلط طبقہ نے پورے نظام کو یرغمال بنایا ہوا ہے، ملک پر قابض طبقات انتخابات تک کو یرغمال کرکے فارم سنتالیس لے آتے ہیں، نظام کو یرغمال بنانے کی ایک مثال کراچی ہے جہاں ہارے ہوئے لوگوں کو جتوا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین کے انتخابات ہوجائیں تو اسلامی جمعیت طلبہ بڑی قوت کے طور پر سامنے آئے، بنگلہ دیش میں سالہا سال ظلم سہنے کے بعد اسلامی جمعیت طلبہ نے طلبہ یونین انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کی، ملک کا تعلیمی نظام طبقاتی ہے، پونے 3 کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گڈ گورننس کے دعوے کرنے والے سکول سے باہر بچوں کو سکول کیوں نہیں بھیج سکے، حکمران سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرکے تعلیم دینے کی ذمہ داری سے ہی جان چھڑانا چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری کی بھرپور مخالفت کریں گے، اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کو اقامت دین کی جدوجہد کی طرف راغب کرے۔