عالمی رہنماؤں کے پیغامات کا شکریہ، دہشت گرد کامیاب نہیں ہوں گے: وزیراعظم

عالمی رہنماؤں کے پیغامات کا شکریہ، دہشت گرد کامیاب نہیں ہوں گے: وزیراعظم

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایکس پر ایک بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی امام بارگاہ میں خودکش حملے میں 32 افراد شہید اور 162 افراد زخمی ہوئے، میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں، زخمیوں کا پمز اور پولی کلینک میں علاج جاری ہے۔ 

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد میں دل دہلا دینے والے خودکش حملے کے بعد دنیا بھر سے ہمیں ہمدردی اور یکجہتی کے جو پیغامات موصول ہوئے ہیں، ہم اُن کے لیے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششوں میں ہمارے دوستوں اور شراکت داروں کی حمایت اور تعاون ہمیشہ سے نہایت اہم رہا ہے، اس نازک گھڑی میں بہادر پاکستانی قوم متحد رہے اور دہشت گردی کو شکست دینے کے اپنے عزم پر پہلے کی طرح مضبوطی سے قائم رہے۔

دوسری جانب خودکش دھماکے کے بعد علاقے کی فضا اب بھی سوگوار ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں چار سے چھ کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ بڑی تعداد میں بال بیئرنگ بھی استعمال کی گئی۔

خودکش حملہ آور نے پہلے پستول سے چھ فائر کیے، مسجد کے مرکزی ہال میں جاکر خود کو اڑالیا، خودکش بمبار افغانستان سے تربیت یافتہ نکلا، ٹریول ہسٹری موجود ہے، حملہ آور کا شناختی کارڈ جائے وقوعہ سے مل گیا۔

مبینہ خودکش حملہ آورکی شناخت یاسر ولد بہادر خان کے نام سے ہوئی ہے، حملہ آور محلہ قاضیاں پشاور کا رہائشی تھا، پشاور سے خودکش بمبار  کے چار رشتے داروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے، دھماکے میں شہید افراد کی اجتماعی نماز جنازہ گیارہ بجے ادا کی جائے گی۔