پاکستان اور کینیڈا کا تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور کینیڈا کا تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک نے تعلقات میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاکستانی وفد کی قیادت سفیر نبیل منیر، خصوصی سیکرٹری (اقوامِ متحدہ) نے کی جبکہ کینیڈین وفد کی نمائندگی سسٹنٹ ڈپٹی منسٹر (انڈو پیسفک) سفیر ویلڈن ایپ نے کی، مشاورت میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان بھی شریک تھے۔

ترجمان کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کینیڈین وزیر خارجہ کے حالیہ روابط کو سراہا اور کہا کہ اعلیٰ سطحی روابط نے دوطرفہ شراکت داری کو سٹریٹجک سمت اور نئی رفتار دی ہے، دونوں ممالک نے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مشاورت میں موجودہ معاہدوں کے مؤثر نفاذ اور نئے تعاون کے شعبوں میں شراکت داری پر اتفاق کیا گیا، اجلاس میں تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ، کاروباری برادری کی معاونت اور تجارتی وفود کی سہولت کاری پر بھی زور دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں فریقین نے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے، تجارت و سرمایہ کاری، زراعت اور ایگری ٹیک، کان کنی و معدنیات، توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت اور آئی سی ٹی میں تعاون، ہنرمند افرادی قوت، تعلیم و تحقیق اور سیاحت کے شعبوں میں شراکت داری پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس میں پائیدار اور باہمی مفاد پر مبنی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کو کلیدی عنصر قرار دیا گیا اور نجی شعبے میں ابھرتے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا،دونوں ممالک کے وفود نے عالمی اور علاقائی صورتحال سمیت اہم کثیرالجہتی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور مشاورت کا یہ سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔