خلاصہ
- مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران نے حلف اٹھا لیا، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے عہدیداران سے حلف لیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے وابستگی کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ نظریاتی رشتے کو مادی فائدے کی نظر نہیں ہونے دیں گے، ریاستی نظام پر عوام کا اعتماد حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں کو سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کریں گے، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے لئے 30 ،30 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کرتا ہوں۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ وکلا کی فلاح کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، کوشش ہے عوام کو اپنے مطالبات کے لیے سڑکوں پر نہ نکلنا پڑے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبول فیصلوں کے بجائے عوام کے مفاد پر مبنی فیصلے کریں گے، لائرز پروٹیکشن ایکٹ پر وکلا کی مشاورت سے کام کریں گے۔
فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ اپنے قدموں پر کھڑے ہوں گے تو مسائل کا سدباب یقینی بنایا جا سکے گا، عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ کئے معاہدے پر عملدرآمد کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب اقتدار سنبھالا تو ریاست میں افراتفری اور بے چینی کا عالم تھا، مختصر وقت میں عوام کو ریلیف دے رہے ہیں، اے جے کے بینک کو شیڈول بینک بنانے کیلئے 10 ارب روپے کی گرانٹ فراہم کی۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عام آدمی کو مفت علاج معالجے کیلئے صحت کارڈ کا اجرا کیا، نسل نو کو تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے تعلیمی پیکیج منظور کیا۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ تبادلے تقرریوں سے ہٹ کر خطے کی معیشت کی بہتری کیلئے کام کرنا ہوگا، اوورسیز کشمیر انویسٹمنٹ کانفرنس کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی پر انحصار کرنے کے بجائے خود انحصاری کے لئے آگے بڑھنا ہوگا، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی حلف برداری تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔