سانحہ گل پلازہ جوڈیشل کمیشن کا متاثرین کے اہلِخانہ سے رابطہ

سانحہ گل پلازہ جوڈیشل کمیشن کا متاثرین کے اہلِخانہ سے رابطہ

ملاقات کے دوران جسٹس آغا فیصل نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب شہدا کے اہل خانہ ہیں اور ہمیں ان شہادتوں پر دلی افسوس ہے، کمیشن کی خواہش تھی کہ تحقیقات کا آغاز لواحقین سے کیا جائے تاکہ ان کے مؤقف اور تحفظات کو براہ راست سنا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹریبونل کا مقصد مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات اور جانی نقصانات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے، مالی نقصان کی تلافی ممکن ہے مگر جانی نقصان کا ازالہ ممکن نہیں۔

جسٹس آغا فیصل نے بتایا کہ لواحقین کیلئے کچھ سوالات تیار کیے گئے ہیں اور کمیشن ان کی معاونت کا خواہاں ہے، اگر اہل خانہ چاہیں تو سوالنامہ موقع پر ہی جمع کرا سکتے ہیں یا بعد ازاں ہائیکورٹ آکر بھی اپنے بیانات ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے لواحقین ابھی موجود نہیں، اس لیے کمیشن چاہتا ہے کہ تمام متاثرہ خاندان اپنے بیانات قلمبند کرائیں تاکہ مکمل حقائق تک پہنچنے میں آسانی ہو، کمیشن عوام، حکومت اور متعلقہ اداروں سے بھی معلومات طلب کر رہا ہے جبکہ ریسکیو ورکرز تک رسائی کی بھی خواہش ظاہر کی گئی ہے۔

جسٹس آغا فیصل کا کہنا تھا کہ تمام معلومات اور بیانات کی بنیاد پر جامع جوابات اور سفارشات تیار کی جائیں گی تاکہ آئندہ ایسے سانحات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔