پی ٹی اے غیر قانونی سمز کی روک تھام کیلئے رولز بنائے، لاہور ہائیکورٹ

پی ٹی اے غیر قانونی سمز کی روک تھام کیلئے رولز بنائے، لاہور ہائیکورٹ

عدالت نے یہ ریمارکس غیر قانونی سمز فروخت کرنے کے مقدمے میں ملزم محمد عثمان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دوران دیے۔

عدالتی حکم پر ڈی جی پی ٹی اے، ڈائریکٹر لیگل پی ٹی اے سمیت دیگر افسران پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار کی جانب سے وکیل خادم حسین عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا، ملزم گرفتاری کے بعد سے جیل میں ہے اور ضمانت اس کا قانونی حق ہے لہٰذا بعد از گرفتاری ضمانت منظور کی جائے۔

سماعت کے دوران جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ ملک کو دہشت گردی کا سامنا رہا ہے اور قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ایسا نہ ہو کہ غیر قانونی سمز دہشت گردی میں استعمال ہو جائیں، عدالت میں غیر قانونی سمز کی روک تھام سے متعلق تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

عدالت نے پی ٹی اے کو غیر قانونی سمز کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اور رولز بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی، ملزم کے خلاف این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔