خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ افغانستان کی جانب سے ہونے والی دراندازی کا پاکستانی مسلح افواج نے بہترین جواب دیا ہے، دہشتگردوں کو موقع دیا گیا ہے کہ وہ اپنی روش درست کریں، بصورتِ دیگر انہیں ختم کر دیا جائے گا۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایوان میں منظور ہونے والی قرارداد اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، معرکۂ حق کے موقع پر بھی قوم نے افواجِ پاکستان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ دوہا میں کئی ہفتوں تک مذاکرات ہوئے اور ڈیورنڈ لائن کی نگرانی کے لیے دوست ممالک پر مشتمل کمیشن بنانے کی تجویز بھی زیر غور آئی، آج کا واضح پیغام یہ ہے کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے۔
سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسائل کا حل سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر نکالنا چاہیے، ہماری طرف سے کوشش ہوتی رہی ہے لیکن انکار دوسری جانب سے ہوتا رہا ہے، 2018 میں جس کے لیے ارینجمنٹ ہوا، اس کے لیے اب بھی تیاری ہے لیکن اگر دوسری طرف سے آمادگی نہ ہو تو یہ ان کی مرضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے تین مرتبہ مذاکرات کی دعوت دی گئی لیکن کوئی جواب نہیں آیا، علاج اور ڈاکٹرز کے معاملے پر بھی بیٹھ کر بات ہو سکتی ہے۔