وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت

وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت

شہباز شریف نے آج شام سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم، عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور آج اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین علاقائی کشیدگی اور بعد ازاں بعض خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوسناک حملوں کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ہیں اور صورتحال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں، موجودہ صورتحال میں سعودی قیادت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہیں، پاکستان ہر حال میں، ہر وقت اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی ثابت قدم حمایت جاری رکھے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اس نازک مرحلے پر تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، انہوں نے دعا کی کہ ماہِ مقدس رمضان المبارک کی برکتوں کے طفیل خطے میں جلد از جلد امن، استحکام اور ہم آہنگی قائم ہو۔