خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو ایران میں موجود پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں مجموعی سکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس ہوا۔
شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدیات کی کہ موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر جامع اور مؤثر حفاظتی اقدامات فوری طور پر یقینی بنائے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تاکید کی کہ تمام ادارے باہمی رابطہ اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ تمام سکیورٹی ادارے موجودہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ ہیں، ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانیوں کو آذر بائیجان کے ذریعے بحفاظت پاکستان لایا جائے، وزیر اعظم نے اس سلسلے میں وزارت خارجہ کو آذربائیجان کی حکومت سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے ہر دم تیار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر قیادت، افواجِ پاکستان قومی جذبے کے ساتھ اپنے بہترین انداز میں اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز جو قربانیاں دی رہی ہیں، اس پر پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے۔