خلاصہ
- لاہور، کراچی: (دنیا نیوز) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کی خبر پھیلتے ہی لاہور اور کراچی میں امریکی قونصل خانوں کے باہر احتجاج شروع ہو گیا۔
لاہور پریس کلب کے سامنے بھی مظاہرہ کیا گیا اور مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے طرف جانے کی کوشش کی مگر پولیس نے مظاہرین کو قونصلیٹ کے قریب جانے سے روک دیا، مظاہرین نے پریس کلب کے باہر دھرنا دے دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق امریکی قونصلیٹ کے باہر لوگ پرامن ہیں اور بات بھی سن رہے ہیں، ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت احتجاج کرنے والوں کیلئے دکھ کی گھڑی ہے، مختلف جماعتوں کی جانب سے مختلف احتجاج ہو رہے ہیں، ان لوگوں کو بھی سکیورٹی دینی ہے۔

کراچی میں مظاہرین کی بڑی تعداد امریکی قونصل خانے کے اطراف جمع ہو گئی، ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان بھی امریکی قونصل خانے پہنچ گئے اور مظاہرین کو پیچھے دھکیل دیا گیا۔
کراچی کے علاقے سلطان آباد سے مائی کولاچی آنے جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دیئے گئے، جناح برج سے آنے والا ٹریفک آئی آئی چندریگر روڈ بھیجا جا رہا ہے۔
کراچی کی ٹریفک پولیس کے مطابق پی آئی ڈی سی سے آنے والی ٹریفک پارک کٹ سے واپس بھیجی جارہی ہے، احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہے۔