امریکہ، اسرائیل اور بھارت کا ایجنڈا ایک ہے: حافظ نعیم الرحمان

امریکہ، اسرائیل اور بھارت کا ایجنڈا ایک ہے: حافظ نعیم الرحمان

سندھ کے ضلع سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران ایران پر بمباری جاری ہے، امت مسلمہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے،امریکہ اور اسرائیل انسانیت کے خلاف جارحیت میں ملوث ہیں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ عالمی طاغوتی قوتیں خطے میں اپنی حکمرانی قائم رکھنے کے لیے جنگیں مسلط کر رہی ہیں، پاکستانی حکمران امریکہ کو خوش کرنے کے لیے قومی وقار کا سودا کرتے ہیں، امریکی صدر کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنا افسوسناک ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مغرب جمہوریت کا دعویدار ہے مگر ایران پر حملہ بغیر کانگریس کی اجازت کیا گیا، فلسطین اور غزہ میں جدید مہلک ہتھیاروں سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، امریکہ، اسرائیل اور بھارت ایک ہی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتیں ٹرمپ اور امریکہ کے خلاف بات کرنے سے گریزاں ہیں، پاکستان کو امریکی خوشنودی نہیں بلکہ خودمختار پالیسی کی ضرورت ہے، پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور اس صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام نے ملک کو مسائل میں جکڑ رکھا ہے، سندھ میں کرپشن، لاقانونیت اور عوامی مسائل بڑھ رہے ہیں، عوام کو بنیادی سہولیات اور تعلیم سے محروم رکھا جا رہا ہے، سندھ میں لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں اور تعلیمی نظام تباہ حال ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عید کے بعد جماعت اسلامی ’بدلو نظام تحریک‘ شروع کرے گی، عدل و انصاف کا نظام قائم کیے بغیر ملک میں حقیقی تبدیلی ممکن نہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے فری آئی ٹی کورسز اور بااختیار بنانے کے پروگرام شروع کیے جائیں گے، لاڑکانہ اور سکھر میں’ بنو قابل پروگرام‘ کا جلد آغاز کیا جائے گا۔