ایران میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد آلودہ ہوا پاکستان پہنچ سکتی ہے، محکمہ موسمیات

ایران میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد آلودہ ہوا پاکستان پہنچ سکتی ہے، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی موجودہ صورتحال کے باعث ہوائیں آلودہ ذرات کو پاکستان کے مغربی حصوں کی طرف لے جا سکتی ہیں جس سے وہاں کی فضا مزید خراب ہو سکتی ہے۔

ایران جو پاکستان کا مغربی ہمسایہ ملک ہے، 28 فروری کو ہونے والے حملوں کے بعد امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کی صورتحال میں ہے، ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

7 مارچ کو تہران میں آئل ریفائنریوں اور ایندھن کے ڈپو پر بڑے فضائی حملوں کے بعد شہر پر زہریلا دھواں چھا گیا جبکہ اتوار کو سیاہ اور تیل آلود بارش بھی رپورٹ ہوئی، تیل کی تنصیبات سے اٹھنے والے گھنے سیاہ دھوئیں نے کئی علاقوں میں سورج کی روشنی کو بھی مدھم کر دیا۔

امریکی نشریاتی ادارے کے نمائندے فریڈرک پلیٹگن نے تہران کے شہرن آئل ڈپو کی صورتحال کو قیامت خیز منظر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کی فضا میں سانس لینا انتہائی زہریلا محسوس ہو رہا ہے۔

ایرانی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے بھی شہریوں کو صحت کے شدید خطرات سے خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ فضا میں خارج ہونے والی زہریلی گیسیں، سلفر اور نائٹروجن آکسائیڈ جلد اور پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی سلسلہ پیر کی شام ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جو 12 مارچ تک برقرار رہ سکتا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، کوہستان، چترال، سوات، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔