خلاصہ
- پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں سرکاری محکموں کی میٹنگز کو 100 فیصد ورچوئل کرنے اور سرکاری اداروں میں 50 فیصد ورک فرام ہوم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات شفیق جان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صوبائی کابینہ نے فیول کنزرویشن اور رسپانسبل گورننس انیشیایٹو کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ کی ہدایات پر 2 ماہ کیلئے فیول بچت اقدامات نافذ ہوں گے، بچت اقدامات میں توسیع صورتحال کے تجزیے کے بعد ہوگی۔
شفیع جان کے مطابق سرکاری محکموں میں میٹنگز کو 100 فیصد ورچوئل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ سرکاری گاڑیوں کے فیول الاؤنس میں 25 فیصد کمی کی منظوری دی گئی ہے، اس کٹوتی سے مجموعی کٹوتی 50 فیصد ہوگئی ہے جبکہ 25 فیصد کٹوتی کووڈ اقدامات کے وقت سے نافذ العمل ہے تاہم پولیس، ریسکیو اورقانون نافذ کرنے والے ادارے فیول کٹوتی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ سرکاری دفاتر میں 50 فیصد ورک فرام ہوم پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وی آئی پی پروٹوکول گاڑیوں اور ہیلی کاپٹرکے غیرضروری استعمال میں بڑی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سرکاری اخراجات میں کفایت شعاری، غیر ضروری تقریبات اور سرکاری ڈنرز پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعہ کے دن تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تجویز ہے تاکہ فیول استعمال میں کمی لائی جاسکے۔
شفیع جان نے کہا کہ پٹرول پمپس کی روزانہ مانیٹرنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، کسانوں اور گندم کٹائی کے لئے ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔