اسرائیل فوری مقبوضہ لبنانی علاقوں سے افواج واپس بلائے: پاکستانی مندوب

اسرائیل فوری مقبوضہ لبنانی علاقوں سے افواج واپس بلائے: پاکستانی مندوب

اپنے ایک بیان میں عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے ، پاکستان جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں 400 سے زائد شہری جاں بحق ہوئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، اسرائیلی کارروائیوں کے باعث 6 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے، انہوں نے شہری انفراسٹرکچر کی تباہی اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ طاقت کے استعمال کا اختیار صرف لبنانی ریاست اور اس کے اداروں کو ہونا چاہیے، پاکستان لبنانی مسلح افواج کی صلاحیت مضبوط بنانے کی حمایت کا اعلان کرتا ہے اور لبنان کی حکومت کی جانب سے استحکام اور ریاستی اختیار مضبوط بنانے کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن دستوں پر حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے، اسرائیلی حملوں میں اقوام متحدہ کے امن اہلکار زخمی ہوئے، ان کی حفاظت یقینی بنائی جائے، جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی موجودگی اور ٹھکانے غیر قانونی اور ناقابل قبول ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل فوری اور غیر مشروط طور پر مقبوضہ لبنانی علاقوں سے افواج واپس بلائے، پائیدار امن کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے اور خطے میں محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی جائے۔

پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ عالمی برادری فوری اقدامات کرے تاکہ کشیدگی روکی جا سکے، پاکستان لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔