خلاصہ
- کوئٹہ :(دنیا نیوز) بلوچستان کے آئندہ مالی سال 27-2026 کا بجٹ کل پیش کیا جائے گا ۔
بلوچستان کے وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی آئندہ مالی سال کا بجٹ سہ پہر بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پیش کریں گے ،بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا کل حجم 11سو ارب روپے سے زائد ہوگا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی محاصل سے آمدن کا تخمینہ 795ارب 13کروڑ روپے سے زائد ہے، وفاقی محاصل میں سے قابل تقسیم محاصل سے آمدنی کا تخمینہ 7سو 71ارب 39کروڑ روپے ہے۔
اِسی طرح گیس کی مختلف مدات سے براہ راست منتقلیوں کی مد میں 23ارب 74کروڑ روپے کی آمدنی متوقع ہے، بلوچستان کے صوبے کے دائرہ اختیار میں آنے والے ٹیکسز سے آمدنی کا تخمینہ ڈیڑھ سو ارب روپے سے زائد ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے لیے غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 7سو ارب سے زائد ہونے اور ترقیاتی اخرجات کا حجم ڈھائی سو سے 3سو ارب ہونے کا امکان ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ بھی سرپلس ہونے کا امکان ہے، بجٹ میں تعلیم ، صحت اور پانی کے شعبوں کو ترجیح دی جارہی ہے، امن و امان اور شاہراہوں کی تعمیر کے شعبوں کے لیے زیادہ فنڈز مختص کیئے جارہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ تعلیم کے شعبے کے لیے ایک سو 60ارب سے زائد مختص کیئے جانے کا امکان ہے، صحت کے شعبے کے لیے 85ارب روپے سے زائد کی رقم متوقع ہے۔
صوبائی بجٹ میں امن و امان کے شعبے کے لیے 100ارب روپے سے زائد مختص کیئے جانے کا امکان ہے، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے شعبے کے لیے 40ارب روپے سے زائد کی رقم رکھی جارہی ہے۔
حکومتی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پینے کے صاف پانی کے شعبے کے لیے 17ارب روپے سے زائد کی رقم رکھے جانے کا امکان ہے جب کہ وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں اضافہ متوقع ہے۔