خلاصہ
- لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید حبس کے باعث گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
بعض بالائی علاقوں اور پنجاب کے چند اضلاع میں شام اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور مرطوب (حبس زدہ) رہے گا، جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا اور میدانی علاقوں میں حبس کی کیفیت برقرار رہے گی، البتہ رات کے وقت سیالکوٹ اور نارووال میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید حبس رہنے کی توقع ہے، تاہم دوپہر کے بعد بالائی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی، خشک موسم اور حبس برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا، جبکہ وسطی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ جنوبی اضلاع میں جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے، ادھر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شام اور رات کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور شدید دھوپ میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔