ملک بھر کی ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کیلئے انٹرویو کمیٹیاں تشکیل

ملک بھر کی ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کیلئے انٹرویو کمیٹیاں تشکیل

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے بطور چیئرمین جوڈیشل کمیشن کمیٹیوں کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا، نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے جسٹس سید حسن اظہر رضوی کو انٹرویو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس محمد سرفراز ڈوگر، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور محمد احسن بھون کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے بھی جسٹس سید حسن اظہر رضوی کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

کمیٹی میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس محمد سرفراز ڈوگر، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور محمد احسن بھون شامل ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ کے لیے تشکیل دی گئی انٹرویو کمیٹی کی سربراہی جسٹس عامر فاروق کریں گے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور محمد احسن بھون کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

اسی طرح بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کے چیئرمین بھی جسٹس عامر فاروق ہوں گے۔

کمیٹی میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور محمد احسن بھون بطور ارکان شامل ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمیٹیاں متعلقہ ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز لے کر اپنی سفارشات متعلقہ فورم کو ارسال کریں گی۔