خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ایکواڈور کی سابق وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ماریا فرنانڈا ایسپینوسا نے ملاقات کی۔
وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے اقوام متحدہ کے کردار، عالمی امن اور کثیرالجہتی نظام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے ماریا فرنانڈا ایسپینوسا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کثیرالجہتی نظام کے استحکام اور اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے امید کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کی نئے سیکرٹری جنرل ادارے میں انتہائی ضروری اصلاحات متعارف کرائیں گی اور سلامتی کونسل کی دیرینہ قراردادوں، بالخصوص فلسطین اور جموں و کشمیر سے متعلق قراردادوں پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کریں گے۔
دوسری جانب اسحاق ڈارنے اس موقع پر اقوام متحدہ کے منشور اور اس کے بنیادی اصولوں کے فروغ، بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کے احترام کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم پر بھی زور دیا۔