اعلیٰ تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا حکومت کی ترجیح ہے: اسحاق ڈار

اعلیٰ تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا حکومت کی ترجیح ہے: اسحاق ڈار

وفاقی دارالحکومت میں اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان میں جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام سے متعلق موجودہ رہنما اصولوں اور مجوزہ ریگولیٹری فریم ورک 2026 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے تیار کردہ مجوزہ فریم ورک پر متعلقہ فریقین نے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی، شرکاء نے تعلیمی پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا اور نظام میں بہتری کے لیے متعدد سفارشات پیش کیں۔

اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ کمیٹی کی سفارشات کو مجوزہ مسودے میں شامل کیا جائے اور نظرثانی شدہ مسودہ وفاقی کابینہ کو ارسال کرنے کے لیے وزارتِ تعلیم کے سپرد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا اور علم کی ترویج حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انسانی حقوق، بین الصوبائی رابطہ اور وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔