خلاصہ
- چولپون آتا: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری نے کرغزستان کے صدر صدیر جعفروف کے ہمراہ چولپون آتا میں واقع رُخ اوردو کلچرل سینٹر کا دورہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری کو رُخ اوردو کلچرل سینٹر کی تاریخی، ثقافتی اور روایتی اہمیت سے آگاہ کیا گیا، رُخ اوردو کلچرل سینٹر کرغز جمہوریہ کے شاندار ثقافتی ورثے، تاریخ اور روایات کی اہم علامت ہے۔
دونوں صدور نے ثقافتی کمپلیکس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ میں ثقافتی روابط کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں روایتی ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا، جس میں کرغز جمہوریہ کی لوک موسیقی، روایتی رقص اور فنونِ لطیفہ کی جھلک پیش کی گئی۔
صدر زرداری نے پرتپاک میزبانی پر کرغز قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے بھرپور ثقافتی ورثے کو سراہا۔
بعد ازاں صدر آصف علی زرداری اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا، جس کے دوران پاکستان اور اس کے عوام کے نام منسوب روایتی کرغز موسیقی پیش کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور کرغزستان کی گرمجوش مہمان نوازی کی عکاس تھی۔