شیشہ کیفوں اور ایچ آئی وی کیس: ڈی سی، آئی جی اسلام آباد طلب

شیشہ کیفوں اور ایچ آئی وی کیس: ڈی سی، آئی جی اسلام آباد طلب

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے شہری عبدالجبار کی درخواست پر دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں فریقین کو 7 روز کے اندر جواب اور پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکم نامے کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں بڑی تعداد میں شیشہ کیفے کام کر رہے ہیں، جن میں بعض این او سی کے ساتھ جبکہ کئی بغیر این او سی کے چلائے جا رہے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق یہ شیشہ کیفے ایچ آئی وی سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔

درخواست میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا کہ متعلقہ ادارے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے شیشہ کیفوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

عدالت نے چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر، آئی جی اسلام آباد اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 روز میں رپورٹ اور پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کا حکم دیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت بھی کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید حکم دیا کہ درخواست کی کاپی لاء افسر کو فراہم کی جائے تاکہ وہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور آئندہ سماعت پر عدالت کی معاونت بھی کریں۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی۔