خلاصہ
- گوجرخان:(دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کوئی طاقت اسے پاکستان سے الگ نہیں کر سکتی۔
پنجاب کے شہر گوجرخان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر کے ترقیاتی منصوبے سابق وزیراعظم نواز شریف کی عوامی خدمت کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے نواز شریف کو تین مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا اور ملک کے ہر خطے میں ان کے ترقیاتی منصوبوں کے نقوش موجود ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کوئی طاقت اسے پاکستان سے الگ نہیں کر سکتی، اس وقت کشمیر میں 100 ارب روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، کشمیر کے فیصلے کشمیر میں ہی ہوں گے اور نواز شریف و شہباز شریف نے ہمیشہ کشمیر کا مقدمہ بہادری سے لڑا، مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام ووٹ مانگنے والوں سے ان کی کارکردگی کا ضرور حساب لیں اور پوچھیں کہ انہوں نے اپنے اپنے صوبوں میں کیا ترقیاتی کام کیے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ دوسروں پر تنقید کرنے والے اپنے صوبوں میں عوام کی خدمت کے لیے کوئی نمایاں کام نہیں کر سکے جب کہ پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کر رہی ہے اور مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل جاری ہے، مسلم لیگ (ن) نعروں کی سیاست پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔